منشیات فروشوں، ڈاکوؤں، اشتہاریوں، قبضہ گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن

Feb 03, 2017

سی آئی اے، ڈویژنل ایس پیز، ڈی آئی جی آپریشنزاور سی سی پی او آفس میں سپیشل ٹیمیں بنا دی گئیں جو جرائم پیشہ افراد کے کوائف اکٹھے کرنے کے علاوہ خصوصی چھاپے ماریں گی

ایس ایچ اوز کو ایک ہفتے میں اپنے علاقوں سے قبضہ گروپوں، بدمعاشوں، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ کے بیوپاریوں کا قلع قمع کرنے کی ہدایت کر دی : سی سی پی او لاہور امین وینس

لاہور (سید مشرف شاہ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ کے ڈیلروں، ڈاکوؤں، اشتہاریوں، قبضہ گروپوں، بدمعاشوں اور دیگر جرائم پیشہ کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو ایس پی، سرکل افسر اور ایس ایچ او اپنے علاقے میں منظم جرائم کو روکنے میں ناکام رہا وہ لاہور پولیس کا حصہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور دیگر ناجائز ذرائع سے کمایا ہوا پیسہ جرائم کے فروغ کیلئے ہی استعمال ہوتا ہے لہذا ایسے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ قطعی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرائم پیشہ افراد سے وابستگی ثابت ہوئی انہیں نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے گزشتہ روز "روزنامہ ایکسپریس" سے اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق شہر میں جرائم کے خاتمہ اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے لاہور پولیس سخت کریک ڈاؤن اور موثر اقدامات کررہی ہے انہوں نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قبضہ گروپ کے رکن، منشیات فروش، دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر پر ریڈ سے قبل ڈویژنل ایس پی اس بات کا خود اطمینان کرے کہ ریڈ صحیح جگہ اور معاشرے کے ناسور پر ہی کیا جا رہا ہے یہ کریک ڈاؤن کسی شریف شہری کیلئے تکلیف کا باعث نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جائے اور گرفتاری کے بعد اس کی تفتیش بھرپور طریقے سے کرتے ہوئے ان تمام راستوں اور جگہوں کو ختم کیا جائے جہاں سے یا جن کے ذریعے یہ منشیات شہر میں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات، جواء اور قحبہ خانے نوجوان نسل کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں اور ان جرائم سے جڑے ہوئے افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر پولیس فورس کا کوئی رکن ایسے لوگوں کی سرپرستی یا تحفظ دینے کا مرتکب پایا گیا تو پھر وہ یہ وردی پہننے کا مستحق نہیں رہے گا اور اس کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کر کے فورس کے دیگر ارکان کے لیے نشان عبرت بنا دیا جائے گا ۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ڈی ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایس ایچ و ز کو ہدایت کی جائے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے علاقوں کی حدود سے قبضہ گروپوں، بدمعاشوں، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہٰ کے بیوپاریوں کا قلع قمع کریں اور جو ایس ایچ او اور سرکل آفیسر ایسا کرنے میں ناکام رہا وہ نہ صرف اس پوسٹ پر رہنے کےقابل نہیں رہے گا بلکہ اسے فورس میں رہنے کا بھی حق نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کریک ڈاؤن کی مانیٹرنگ اور شفافیت کویقینی بنانے کیلئے سی آئی اے، ڈویژنل ایس پیز، ڈی آئی جی آپریشنز اور سی سی پی او آفس میں سپیشل ٹیمیں بنا دی گئی ہیں جو نہ صرف شہر کے جرائم پیشہ افراد کے کوائف اکٹھے  کریں گے بلکہ جس تھانے کی حدود میں منظم جرائم کی اطلاع ملی وہاں پر یہ سپیشل ٹیمیں خود ریڈ کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز کو منظم جرائم میں ملوث افراد کی فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں جن پر اس جذبے سے کریک ڈاؤن کیا جائے کہ پولیس فورس شہر سے منظم جرائم کا خاتمہ کر کے ہی دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو پولیس افسر اور اہلکار اس کریک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کیلئے خلوص نیت اور لگن سے کام کرتے ہوئے اچھے نتائج دے گا اس کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا جبکہ مثبت نتائج نہ دینے والے اہلکار خود کو کارروائی کیلئے تیار رکھیں۔

(روزنامہ ایکسپریس)

*********