ون ڈش میرج فنکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر 480 مقدمات 916 افراد گرفتار

May 14, 2022

صوبے کے تمام اضلاع میں ون ڈش اور میرج فنکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر ترجیحی بنیادوں پر کاروائیوں جاری ہیں اورصوبہ بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات پر ہوائی فائرنگ، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ اور ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ویک اینڈ پر لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں کاروائیوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور میرج فنکشن ایکٹ کے سلسلہ میں ہونے والی کاروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ میرج فنکشن ایکٹ کے ضمن میں وضع کردہ قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں، ایسے قانون شکن افراد کے مقام و مرتبے کا لحاظ کئے بغیر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس کے دوران صوبہ بھر میں ون ڈش اور میرج فنکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے بتایا کہ صوبہ بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات پر ہوائی فائرنگ، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ اور ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 480 مقدمات درج کرتے ہوئے 916 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف 234 مقدمات درج، 466 افراد کو گرفتار کیا گیا، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 147 مقدمات درج جبکہ 402 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ صوبہ بھر میں ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 55 مقدمات درج جبکہ 41 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے بتایا کہ لاہور میں میرج فنکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 106 مقدمات درج اور 59 افراد گرفتار کئے گئے اورا س سلسلے میں ہونے والی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہاکہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر رواں ہفتے بھی صوبہ بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات پر ون ڈش اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

(روزنامہ جہان پاکستان)

*********