شہریوں کی شکایات، آئی جی نے 4 ایس ایچ اوز معطل کردئیے

Feb 01, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر،کرائم رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 میں شہریوں کی شکایات پر فون کالز خود سنیں ۔ قصور کے شہری نعیم کی موٹرسائیکل چوری کی درخواست میں اندارج مقدمہ کی تاخیر پر ایس ایچ او کھڈیاں کو معطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس دیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے کہا کہ شہری کی موٹرسائیکل برآمدگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مقدمہ قتل کی ناقص تفتیش پر ایس ایچ او ملت ٹاون فیصل آباد کو معطل جبکہ ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آر پی او فیصل آباد کو ہدایت کی کہ مقدمہ کی تفتیش اپنی نگرانی میں کروائیں ۔ انہوں نے تھانہ یوسف والا میں ڈکیتی کے مقدمہ کی ناقص تفتیش اور مدعی مقدمہ سے ناروا سلوک اختیار کرنے پر ایس ایچ او یوسف والا کومعطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔ آر پی او ساہیوال کو اس مقدمہ کی تفتیش کے ساتھ ساتھ تھانہ حجرہ شاہ مقیم ڈکیتی قتل کے مقدمہ کی تفتیش بھی اپنی نگرانی میں کرانے اور پولیس کی غفلت اور مدعی مقدمہ سے تعاون نہ کرنے پر انکوائری کے بعد ذمہ داروں کو سزا دے کر ایک ہفتے میں رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے تھانہ صدر حاصل پورکے سکول کے ہیڈ ماسٹر طارق کی چوری کی درخواست پر مقدمہ کے اندراج میں تاخیر پر ایس ایچ او صدر حاصل پور کو معطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس دیتے ہوئے آر پی او بہاولپور کو کہا کہ محکمانہ کاروائی کی رپورٹ جلد آئی جی آفس بھجوا ئی جائے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں شہریوں کو پولیس سروسز کی فوری فراہمی اورپولیس سسٹم کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سنگین اور اہم شکایات کے ازالے کے لیے 1787سنٹر میں شہریوں کی کالز روزانہ خود سنوں گا۔ مزید برآں آئی جی نے برکت مارکیٹ میں پولیس کی ملکیت میں خالی 2کنال 6مرلے کمرشل اراضی پرویلفیئر فنڈز سے پلازہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کوپلازے کی منظوری دے کر فوری طور پر نقشہ کی تیاری اور بروقت تعمیر کاآغاز کرنے کاحکم دے دیا ،انہوں نے پلازے کی تعمیرکےلئے تمام اخراجات پولیس خود برداشت کرے گی۔

(روز نامہ جنگ)

****************