آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دو شہیدوں کے وارث پنجاب پولیس کے ممتاز خاندان کو خراج تحسین

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دو شہیدوں کے وارث پنجاب پولیس کے ممتاز خاندان کو خراج تحسین
ڈاکٹر عثمان انور نے شہید دادا کے پوتے اور شہید والد کے فرزند محمد ابراہیم کو آئی جی پنجاب کے منصب پر بٹھا کر عزت افزائی کی۔
پنجاب پولیس سونے کا دل اور لوہے کے ہاتھ رکھنے والے ایسے ہی بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس سروس سے ریٹائر ہونے والے 10افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب
ریٹائر ہونے والوں میں ایک ایس پی اور 9ڈی ایس پیز شامل، جنہیں آئی جی پنجاب نے یادگاری شیلڈز سے نوازا۔
آپ خود کو ہمیشہ اس محکمہ کا حصہ سمجھیں، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آپ کو پہلے جیسی عزت و احترام ملے گا۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس سونے کا دل اور لوہے کے ہاتھ رکھنے والے بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے جو شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور خدمت کی خاطر ہر لمحہ سر بکف رہتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ایسے بہادر خاندانوں پر مشتمل فورس ہے جس کی دو نسلوں نے شہریو ں کی جان ومال کے تحفظ کی خاطراپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور اب اس کی تیسری نسل وطن عزیز کے تحفظ اور شہریوں کی خدمت کے لئے تیار ہے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے پنجاب پولیس کے اس ممتاز خاندان کوراولپنڈی سے اپنے دفتر مدعوکیا اور شہید سب انسپکٹرمیاں عباس کے پوتے اور انسپکٹر عمران عباس شہید کے کم سن بیٹے محمد ابراہیم کو آئی جی پنجاب کے منصب پر بٹھا کر اسکی عزت افزائی کی۔آئی جی پنجاب نے بہادر خاندان کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محمد ابراہیم کے دادا سب انسپکٹرمیاں عباس نے 35 برس قبل راولپنڈی کے تھانہ ریس کورس میں ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے اپنی جان دے دی، شہید سب انسپکٹرمیاں عباس کا بیٹاعمران عباس محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا اور انسپکٹر عمران عباس نے بھی اسی تھانہ ریس کورس میں ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیااور انسپکٹر عمران عباس کا بیٹا محمد ابراہیم آج آئی جی پنجاب کی کرسی پر بیٹھا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج یہ بچہ قوم کو بتارہا ہے کہ دادا اور والد کے بعد خاندان کی تیسری نسل یعنی پوتا بھی وطن عزیز کے تحفظ کیلئے لڑنے کیلئے تیار ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کمانڈ اور کانسٹیبلری میں آج کوئی فرق نہیں ہے انہوں نے کہاکہ پولیس فورس کے بچوں کی تعلیم اورمیڈیکل سمیت فیملی کی ہر ضرورت کا خیال رکھا جارہاہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ والد اور دادا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محمد ابراہیم کا پولیس فورس کاحصہ بننے کا عزم اور جذبہ قابل ستائش ہے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پیشہ ورانہ سروس پوری کرنے کے بعد محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گذشتہ ہفتوں میں ریٹائرڈ ہونے والے 10افسران ایک ایس پی اور 9ڈی ایس پیز کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔ ان افسران میں ایس پی حبیب اللہ خان، ڈی ایس پیز محمد امجد جاوید، رخسانہ کوثر، نور محمد، غلام مرتضیٰ،سکند رمحمود،محمد شبیر، نصیر احمد، اعجاز حسین اور اعجازحمید شامل تھے جنہوں نے مختلف اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں اپنی پیشہ ورانہ سروس پوری کی۔
آئی جی پنجاب نے ریٹائرہونے والے افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ خود کو ہمیشہ اس محکمہ کا حصہ سمجھیں، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آپ کو پہلے جیسی عزت و احترام ملے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فرض شناس اور قابل افسران ریٹائرمنٹ کے بعد بھی محکمہ پولیس کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں اور میرے دفتر کے دروازے فورس سے ریٹائرہونے والے تمام افسران واہلکاروں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ریٹائرد ہونے والے افسران نے الوداعی تقریب منعقد کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پولیس کیلئے بوقت ضرورت مستقبل میں بھی ہماری خدمات ہمیشہ دستیاب ہونگی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی لاجسٹکس، اطہر اسماعیل امجد اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 120)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, March 24, 2023