آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں سے خطاب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں سے خطاب
ہائی ویز پر حادثات کی روک تھام اور جرائم کی بیخ کنی میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا کلیدی کردار ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
پی ایچ پی پولیس اپنے ورکنگ سسٹم میں کرائم پریونشن ایپ کا استعمال یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب
آئندہ بجٹ میں پنجاب پولیس کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔ آئی جی پنجاب
نئے پٹرول پمپس اور پراجیکٹس کے ذریعے پولیس آمدن بڑھا کر سپاہ کی ویلفیئر پر خرچ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
آئی جی پنجاب نے اچھی کارکردگی پر پی ایچ پی کے85 اہلکاروں کو فی کس 10 ہزار اور سی سی ون سرٹیفیکیٹس دئیے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ہائی ویز پر حادثات کی روک تھام اور جرائم کی بیخ کنی میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ پی پولیس اپنے ورکنگ سسٹم میں کرائم پریونشن ایپ کا استعمال یقینی بنائے اور ہائی وے کرائم میں ملوث ڈاکوؤں، راہزنوں اور سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب پولیس کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پی ایچ پی پولیس کے سروس اور سیلری سٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس میں بھی ہیلتھ سکریننگ کا ٹاسک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،پولیس افسران اور جوانوں کو موذی امراض سے بچانے اورعلاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ نئے پٹرول پمپس اور پراجیکٹس کے ذریعے پولیس آمدن بڑھا کر سپاہ کی ویلفیئر پر خرچ کر رہے ہیں،پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ موٹر وے پولیس اور کے پی کے پولیس کی طرز پر پنجاب پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس کو کئے گئے چالانوں کا مخصوص حصہ دیئے جانے کی تجویز زیر غور ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے   کانسٹیبل سے سب انسپکٹر رینک کے 85 پی ایچ پی اہلکاروں کو اپنے دفتر مدعو کیا اور انہیں  اچھی کارکردگی پر کیش انعامات اور سی سی ون سرٹیفیکیٹس سے حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کو پہلے سے زیادہ محنت اور جوش و جذبے سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شاہرات پر شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ، ٹریفک قوانین کی پاسداری اور جرائم کی سرکوبی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راؤ عبدالکریم، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 233 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Thursday, May 18, 2023