یوم تکریم شہداء کے موقع پر سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب منعقد، شہدائے پولیس کے ورثاء کی بڑی تعداد میں شرکت

یوم تکریم شہداء کے موقع پر سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب منعقد، شہدائے پولیس کے ورثاء کی بڑی تعداد میں شرکت
آئی جی پنجاب شہداء کے ورثاء کے ساتھ گھل مل گئے، بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائی، مسائل کے ازالے بارے احکامات دئیے۔
 2017سے قبل کے شہدائے پولیس کو گھروں کی فراہمی کیلئے مربوط نظام تشکیل دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب
 شہداء کے بچوں کی اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم اور بہترین ملازمتوں کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور  
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا یوم تکریم شہداء پر افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہدا کو شاندار خراج تحسین
وردی کا رنگ کچھ بھی ہو، سمندر میں سفید، ہوا میں نیلا، بارڈر پر خاکی، پولیس سمیت تمام شہدا اور غازیوں کو آج ہمارا سلام ہے، آئی جی پنجاب
پوری پاکستان قوم آج اپنے شہدا کو یاد رکھنے اور انہیں شایان شان عزت و محبت سے نوازنے کا عہد کرتی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور

پنجاب پولیس کے زیراہتمام یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پرسنٹرل پولیس آفس میں پروقار تقریب سجائی گئی جس میں شہداء پولیس کی فیملیزاور ورثاء کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کیلئے حکومتی تعاون اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2017سے قبل کے شہداء کو گھروں کی فراہمی کیلئے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جارہا ہے جس کے تحت گھروں کی تعمیر، فراہمی اور دیگر اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کے بچوں کو اعلی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کیلئے سکالرشپس دئیے جارہے ہیں جبکہ ان کی ملازمتوں کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے ورثاء کوگولڈ میڈل دئیے جارہے ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کے اعزاز میں سنٹر ل پولیس آفس میں شہداء وال بنائی گئی ہے جس پر پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے نام سنہری الفاظ میں درج کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہم اپنے شہداء کی فیملیز کو نہیں بھولے اور نہ ہی کبھی فراموش کریں گے بلکہ ان کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کے لواحقین کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور محکمہ زندگی کے ہر موقع پر انکے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس جرائم کنٹرول، دہشت گردی کے قلع قمع، امن و امان کی بحالی سمیت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کررہی ہے اور اس عظیم فرض کی بجاآوری میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
دریں اثنا ء یوم تکریم شہداء پر آئی جی پنجاب  ڈاکٹر عثمان انور نے پاکستان کے قیام، سا لمیت، تحفظ اور امن و امان کی خاطر قربانیاں دینے والے لاکھوں شہداء کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ارض پاک کے شہداء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے تمام شہداء کویوم تکریم شہداء پر سلام پیش کرتا ہوں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وردی کا رنگ کچھ بھی ہو، سمندر میں سفید،ہوا میں نیلا، بارڈر پر خاکی، پولیس سمیت تمام شہدا اور غازیوں کو آج ہمارا سلام ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا اور غازیوں کا قیمتی لہو شامل ہے،پاکستان کی اندرونی و بیرونی سرحدوں کی حفاظت کے دوران فورسز اور پولیس جوانوں نے بے شمار قربانیاں دیں جنہیں پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آج ارض پاک کے تحفظ کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادر جانبازوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، پوری پاکستان قوم آج اپنے شہدا کو یاد رکھنے اور انہیں شایان شان عزت و محبت سے نوازنے کا عہد کرتی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہمارے شہداء سے محبت اور عزت و و تکریم نہ کرنے والا ہماری نفرت کا مستحق ہے،آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، دیگر شہدا و غازیوں اورہماری ارض پاک پاکستان ہمیشہ اکٹھے و زندہ باد رہیں گے۔  

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 251 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Thursday, May 25, 2023