آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات / راجن پور پولیس کا کچہ میں قیام امن کے بعد عوامی خدمت کا انقلابی اقدام

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات / راجن پور پولیس کا کچہ میں قیام امن کے بعد عوامی خدمت کا انقلابی اقدام
ڈاکوؤں، دہشت گردوں سے کلیئر کرائے گئے علاقہ میں ''شہید راؤ راحت سلیم پولیس کمیونٹی سکول'' قائم۔
گولیوں کی تڑتڑاہٹ والے علاقے اب علم کے زیور، قومی ترانے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجیں گے،آئی جی پنجاب
کچہ میں آنے والی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے معاشرہ کا مفید شہری بنائیں گے،ڈاکٹر عثمان انور
زیر تعلیم بچوں کو پولیس کی جانب سے مفت کتابیں، بیگ، یونیفارم،دوپہر کا کھانا دیا جا رہا ہے۔ڈی پی او راجن پور
سکول میں کچہ کے مقامی بچوں کے علاوہ فرار ہونے والے سہولت کاروں کے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں،ڈی پی او راجن پور

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کے مطابق پنجاب پولیس کی ٹیمیں رحیم یار خان اور راجن پورسمیت کچہ کے دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ کریمنلز، دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف مصروف عمل ہیں۔ پولیس ٹیموں نے بھرپور ٹارگٹڈ کاروائیوں کرتے ہوئے اندرون کچہ کے متعدد علاقوں سے کریمنلز کی کمیں گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کردیا ہے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر راجن پور پولیس کی جانب سے کچہ میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت میں انقلابی اقدامات جاری ہیں اور پولیس ڈاکووں، دہشت گردوں سے مقابلہ کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہے۔راجن پور کچہ کے خطرناک اور نو گو ایریا سمجے جانے والے علاقوں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے عظیم مشن میں پنجاب پولیس اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نیبتایا کہ راجن پور پولیس نے کچہ میں قیام امن کے بعد عوامی خدمت کا انقلابی اقدام اٹھایا ہے اور ڈاکوؤں، دہشت گردوں سے کلیئر کرائے گئے علاقہ میں ''شہید راؤ راحت سلیم پولیس کمیونٹی سکول'' قائم کردیا ہے۔ڈی پی او راجن پورمحمد ناصر سیال نے بتایا کہ کمیونٹی سکول نو گو ایریا سمجھے جانے والے علاقہ چک مورو اور کچی جمال میں قائم گیا ہے اور سکول کا نام دوران آپریشن شہید ہونے والے پولیس کمانڈو راؤ راحت سلیم کے نام پر رکھا گیا ہے۔
ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ کمیونٹی سکول پنجاب پولیس کے فراہم کردہ انفراسٹرکچر اور افرادی قوت کے تحت چلایا جا رہا ہے، سکول میں زیر تعلیم بچوں کو پولیس کی جانب سے مفت کتابیں، بیگ، یونیفارم،دوپہر کا کھانا دیا جا رہا ہے۔ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے سکول قائم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی کثیر تعداد میں بچے اور بچیاں حصول تعلیم کے لیے آ گئے ہیں، کچہ کے مقامی شہریوں کے بچوں کے علاوہ فرار ہونے والے سہولت کاروں کے بچے بھی سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کچہ میں آنے والی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے معاشرہ کا مفید شہری بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ والے علاقے اب علم کے زیور، قومی ترانے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجیں گے اور کچہ کے تمام علاقوں میں پائیدار امن و استحکام قائم کیا جائے گا۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 254 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Friday, May 26, 2023