آئی جی پنجاب کا تھانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ہر ماہ فنڈز دینے کا اعلان

Feb 18, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی مینٹیننس کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس کے اپنے ریونیو سے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی مینٹیننس کیلئے ہر ماہ فنڈ دئیے جائیں گے، پلانٹس مشینری، سٹیشنری، فرنیچر، اے سی سمیت دیگر کے ئے سالانہ بجٹ سے پہلے ہی فنڈز سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کو دیئے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنسنگ کی مد میں دیا جانے والا 15 فیصد شیئر پبلک فیسیلٹی سنٹرز میں سہولیات کی بہتری پر خرچ ہو گا۔ سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی مینٹیننس کیلئے تمام اضلاع کو تحریری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں، ان تھانوں کی مینٹیننس کیلئے 24 کروڑ روپے پر مشتمل پہلی فنانشل گرانٹ تھانوں کو ریلیز کر دی گئی ہے۔

صرف ایک کلومیٹر رنگ روڈ کے مساوی خرچے میں ان تھانوں کو دنیا کے خوبصورت ترین دفاتر میں بدل دیا گیا۔ ہمارے تھانے دنیا کے خوبصورت ترین سروس مراکز، نئے فنانشل سپورٹ سسٹم کے تحت انکی خوبصورتی برقرار رکھی جائیگی۔ ان تھانوں میں شہریوں نے شادیوں کے فوٹو شوٹ کئے ، سالگرہ منائیں ، امریکہ، کینیڈا سے آئی فیملیز انہیں سراہتی ہیں یہ تمام سہولیات اور وسائل اس ملک کے شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی فراہمی کیلئے مہیا کی گئی ہیں۔ تھانوں کے فرنٹ اینڈز کو عوام کیلئے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول پر اپ گریڈ کیا گیا، ہمارے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور تھانیداروں نے اپنی فیملیز کیساتھ سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کو ڈیزائن کیا، الحمدللہ ان سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی دیکھ بھال بھی ہو گی اور ان کو زیادہ خوبصورت کرکے بھی دکھایا جائیگا۔

(روز نامہ نوائے وقت)

********************