آئی جی پنجاب کانیشنل ہاکی سٹیڈیم کادورہ، کھلاڑیوں سے ملاقات

Feb 20, 2024

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور پاکستان کے دورے پر آئے ڈچ ہاکی ٹیم پلئیرز اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔شائقین ہاکی نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کو اپنے درمیان پا کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ڈچ ہاکی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں نے آج نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ہاکی میچ کو پولیس شہداء کے نام منسوب کیا تھا، آئی جی پنجاب نے پولیس شہدا کیلئے ٹربیوٹ میچ منعقد کروانے پر لیجنڈ ہاکی پلئیر خواجہ جنید کی کاوش کو سراہا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، پی ایس ایل اور ڈچ ہاکی ٹیم کا وزٹ انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کا امن پسند اور مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ چین سمیت دیگر یورپی ممالک کی سپورٹس ٹیموں کے پاکستانی آمد کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔پولیس اتھلیٹس نے ملکی و غیر ملکی سطح کے سپورٹس مقابلوں میں متعدد میڈلز اور اعزازات اپنے نام کئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔آئی جی پنجاب نے جلومیں ٹرانسجینڈرز کے لئے تعمیر کی گئی تحفظ درسگاہ کا دورہ کیا۔

(روز نامہ جنگ)

********************