پنجاب پولیس کے تھانوں کی خوبصورتی کی دھوم، نو بیاہتا جوڑا فوٹو شوٹ کیلئے تھانہ پہنچ گیا

Feb 20, 2024

لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس کے تھانوں کی خوبصورتی کی دھوم، ایک اور نو بیاہتا جوڑا فوٹو شوٹ کیلئے تھانہ پہنچ گیا۔ مظفر گڑھ میں ولیمہ کی تقریب کے بعد دولہا اپنی شریک حیات اور فوٹو گرافرز کو لیکر سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن کی عمارت میں پہنچ گیا۔نو بیاہتے جوڑے نے تھانے کی ریسپشن اور گیلری میں فوٹو شوٹ کرایا۔ دلہا دلہن نے ویڈیو بیان میں تھانے کی خوبصورتی کی بھرپور تعریف کی۔ تھانے میں فوٹو شوٹ کیلئے آئی دلہن نے کہاکہ فوٹو گرافرز کے مشورے پر تھانے فوٹو شوٹ کروانے آئے ہیں۔ سوچا نہیں تھا کہ مظفرگڑھ میں ایسی خوبصورت عمارت اور پرسکون ماحول ہو سکتا ہے۔ تھانے آکر بہت خوشی ہوئی۔ بہترین ماحول اور اچھے روئیے نے متاثر کیا ہے۔ دلہا فخر عباس نے کہاکہ فوٹو شوٹ کی اجازت دینے پر ایس ایچ او کے مشکور ہیں۔جب میں نے فیملی میں کہا کہ ولیمے کے بعد ہم تھانے جائینگے تو وہ پریشان ہو گئے پھر میں نے کہا کہ فوٹو شوٹ کیلئے جانا ہے تو پریشانی ختم ہوئی۔ پنجاب پولیس مکمل تبدیل ہو چکی۔ تھانے خوبصورتی کا شاہکار بن گئے ہیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

******************