کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن بے نقاب‘ ملزم گرفتار

Mar 11, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر تشکیل کردہ سپیشل پولیس ٹیم نے سائبر آپریشن کے ذریعے فیس بک پتنگ بازی کی تشہیر اور کاروبار میں ملوث خفیہ گروپ '' کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن '' کو بے نقاب کرکے ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے۔ مذکورہ گروپ فیس بک کے ذریعے پتنگ بازی کے مقابلے منعقد کروانے اور دھاتی ڈور و پتنگوں کے آن لائن خریدو فروخت کے خطرناک و غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔ پولیس ٹیم نے اس گروپ ممبر کے ایڈمن راجہ ارسل کو راولپنڈی سے گرفتار کیا جس سے ہونے والی پوچھ گچھ اور معلومات کی روشنی میں گروپ میں فعال ایک دوسرے ممبر کاشف کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیاگیا۔ گرفتار ملزم کاشف مذکورہ گروپ میں پولیس سے متعلق توہین آمیز مواد کی تشہیر میں بھی ملوث ہے۔ گروپ کا دوسرا ایڈمن میاں بلال ایک ہفتے قبل بیرون ملک روانہ ہوا ہے جس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے سمیت دیگر قانونی تقاضے پورے کئے جار ہے ہیں، پولیس ٹیمیں مذکورہ گروپ کے دیگر ایڈمنز اور ممبران کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر ریڈز کر رہی ہیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*****************