آئی جی کی زیرصدارت اجلاس‘ پروموشن بورڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Mar 25, 2023

لاہور (نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائے گئے مراسلے کے جواب میں پنجاب پولیس کو محکمانہ ترقیوں کیلئے پروموشن بورڈز اور پروموشن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پروموشن بورڈز کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس میں خالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کا عمل جلد از جلد مکمل کرکے انہیں پ±ر کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی ایس پی سے ایس پی، انسپکٹر سے ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سے انسپکٹر ترقی کے لیے پروموشن بورڈ اجلاسوں کا انعقاد جلد از جلد کیا جائے جبکہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز ریجنز اور اضلاع میں کانسٹیبل سے سب انسپکٹر رینک تک ترقیوں کے لیے پروموشن بورڈز کاجلد انعقاد کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق اہل ملازمین کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دو شہیدوں کے وارث پنجاب پولیس کے ممتاز خاندان کو خراج تحسین۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہید دادا کے پوتے اور شہید والد کے فرزند محمد ابراہیم کو آئی جی پنجاب کے منصب پر بٹھا کر عزت افرائی کی۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس سروس سے ریٹائر ہونے والے 10 افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس سونے کا دل اور لوہے کے ہاتھ رکھنے والے بہادر شہداءاور غازیوں کی امین فورس ہے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے پنجاب پولیس کے اس ممتاز خاندان کوراولپنڈی سے اپنے دفتر مدعوکیا اور شہید سب انسپکٹرمیاں عباس کے پوتے اور انسپکٹر عمران عباس شہید کے کم سن بیٹے محمد ابراہیم کو آئی جی پنجاب کے منصب پر بٹھا کر اسکی عزت افزائی کی۔ مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پیشہ ورانہ سروس پوری کرنے کے بعد محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گذشتہ ہفتوں میں ریٹائرڈ ہونے والے 10افسران ایک ایس پی اور 9ڈی ایس پیز کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔ ان افسران میں ایس پی حبیب اللہ خان، ڈی ایس پیز محمد امجد جاوید، رخسانہ کوثر، نور محمد، غلام مرتضیٰ،سکند رمحمود،محمد شبیر، نصیر احمد، اعجاز حسین اور اعجازحمید شامل تھے جنہوں نے مختلف اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں اپنی پیشہ ورانہ سروس پوری کی۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*****************