کچے میں آپریشن جاری، وقار عمرانی کا 5 ساتھیوں سمیت سرنڈر

May 21, 2023

رحیم یارخان ،ڈیرہ غازیخان ،لاہور (ڈسٹرکٹ رپورٹرز ،اے پی پی )پولیس کا رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقہ میں گرینڈ آپریشن 42ویں روز بھی جاری رہا،کچہ رجوانی میں دوطرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ ، خوف کی علامت سمجھے جانے والے خطرناک کریمنل وقار عرف وقاری عمرانی نے پانچ ساتھیوں سمیت سرنڈر کر کے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے علاقہ کچہ رجوانی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری ہے ، پولیس ڈرون کی معاونت سے ڈاکوؤں کے مورچوں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ دریں اثنا راجن پور میں پولیس نے خطرناک علاقہ کچہ مورو میں داخل ہو کر اغوا برائے تاوان ، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث وقار عرف وقاری عمرانی، گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کر کے پیش قدمی کی ،فرار کا راستہ نہ پا کر خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقار عرف وقاری عمرانی نے دیگر پانچ ساتھیوں سمیت خود کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ گورا عمرانی اور پٹ گینگ کے متعدد رکن زخمی ہوئے اورفرار ہوگئے ، سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن و ایس ایم جی گنز برآمد ہوئیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک 10 ڈاکو ہلاک ،46 گرفتار ہوچکے ، 18 نے سرنڈر کیا جبکہ 9 مغوی بحفاظت بازیاب کرائے ہیں ۔ 

(روز نامہ دینا)

*************