پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے ساڑھے 16 لاکھ مزید جاری

Mar 22, 2024

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں دستیاب وسائل کے بہترین استعمال سے ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے ساڑھے 16 لاکھ روپے مزید جاری کر دئیے۔پی سی راولپنڈی کے سب انسپکٹر نوید اقبال کو بلڈ کینسر کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل عبدالخالق کو بلڈ پریشر سمیت مختلف عارضوں کے علاج کیلئے 3 لاکھ روپے جاری کئے گئے ، ساہیوال کے سب انسپکٹر ندیم انور عاصم کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے۔لاہور پولیس کے کانسٹیبل عثمان سعید اور ٹریفک اسسٹنٹ اسد علیم کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔

(روز نامہ پاکستان)

*******************