افسران اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں، آئی جی

Mar 25, 2024

لاہور (کر ائم رپو رٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی سپروائزری افسران کو پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی سے جانی نقصان کی صورت میں متعلقہ سرکل افسر جواب دہ ہو گا، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام سپروائزری افسران اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری ، خرید و فروخت، استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں صوبہ بھر میں انسداد کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 63 مقدمات درج، 68 افراد گرفتار کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 1198 پتنگیں، 64 دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد، کی گئیں ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز خطرناک کھیل میں ملوث قانون شکنوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی یقینی بنائیں اور کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں ۔ 

(روز نامہ پاکستان)

********************