آئی جی پنجاب کا دورہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ ‘مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

Apr 01, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایسٹر کے موقع پر سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈ لاہور کا دورہ کیا ، آئی جی پنجاب نے چرچ بشپ، پاسٹرز، مسیحی کمیونٹی لیڈرز اور شہریوں سے ملاقات کی اور مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس آپریشنز لاہور، ایس پیز، سینئر افسران ہمراہ تھے، مسیحی برادری نے آئی جی پنجاب کی طرف سے ایسٹر کی خوشیوں میں شرکت کرنے پر دلی مسرت اور شکریہ کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مسیحی شہری پاکستانی معاشرے کا حسن اور انتہائی اہم حصہ ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی شہریوں کی گراں قدر خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ امن و امان، قومی یک جہتی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، پنجاب پولیس مسیحی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کرسچین کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار ایسٹر کی مبارکباد دی۔ آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس کے تمام مسیحی افسران و اہلکاروں کو بھی ایسٹر کی مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب پولیس مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*********************