پولیس عیدالفطر ک شاپنگ میں مصروف شہریوں کی حفاظت کیلئے پر عزم

Apr 05, 2024
زیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب کا خواب تکمیل کی جانب گامزن ہے،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس عید الفطر کی شاپنگ میں مصروف شہریوں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے جس کے تسلسل میں صوبہ کی مصروف مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور بازاروں میں 02 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں 400 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، راولپنڈی میں 400، گوجرانوالہ 400، فیصل آباد 300، ملتان میں 400 کیمرے،شیخوپورہ، بہاولپور اور دیگر حساس اضلاع کی مارکیٹوں میں 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مارکیٹوں میں خرید و فروخت کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ تمام سی سی ٹی وی کیمرے ضلعی سیف سٹی کنٹرول رومز سے منسلک ہیں اورڈیجیٹل نگرانی کا عمل سر انجام دے رہے ہیں، نئے کیمروں کے اضافے سے اہم مارکیٹوں اور بازاروں کی سکیورٹی و مانیٹرنگ کا عمل مزید تندہی سے سر انجام پائے گا، ڈاکٹر عثمان انورنے مزیدکہاکہ جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے مارکیٹوں سمیت اہم مقامات پر مزید کیمروں کی تنصیب جاری ہے، سیف سٹیز اتھارٹی کنٹرول رومز سے ذریعے مارکیٹوں اور بازاروں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔
(روز نامہ جناح)
***********************