دھاتی ڈوروپتنگ بازوں کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم

Apr 05, 2024

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر دھاتی ڈور و پتنگ بازوں کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس کی خصوصی مہم صوبہ بھر میں جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔  ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 20 مقدمات درج کرتے ہوئے 20 ملزمان گرفتار کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 1346 پتنگیں اور 48 چرخیاں برآمد ہوئیں، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ گذشتہ 38 روز کے دوران صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ کے ایکٹ کے تحت 3565 مقدمات درج کرتے ہوئے 3698 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 225389 پتنگیں اور 15874 چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے سیفٹی وائرز کی تنصیب سمیت حفاظتی اقدامات جاری رکھیں جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کاروائی یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، بالخصوص دھاتی ڈور اور پتنگوں کا آن لائن کاروبار کرنے والے عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

(روز نامہ جناح)

*********************