چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی ، نیشنل ایکشن پلان پوری طاقت سے نافذ کرنیگے: وزیراعلیٰ مریم نواز

Apr 06, 2024

لاہور( خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پنجاب اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں چینی باشندوں کو مکمل تحفظ کیلئے وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔  اجلاس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی ، سی پیک اور ترقیاتی پراجیکٹ پر کام کرنے والوں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر موثر عملدرآمد پر اتفاق ہوا اور پنجاب میں چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔  وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ دہشت گردی پیچیدہ وار فیئر کی شکل اختیار کر رہی ہے۔  دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہتی ہوں ، امن وامان کے لئے تمام شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، شہداء کے بہادر اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اے پی ایس سانحے کے بعد تشکیل پانے وا لے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کی۔

نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کو دوبارہ فعال کرنا ہے اس پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہئے ،مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے۔9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا۔ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا۔  مظاہرین کی جانب سے ملٹری تنصیبات پر حملے کئے گئے ، میں اس جماعت کا نام نہیں لینا چاہتی ،سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بات آتی ہے تو ہر چیز پس منظر میں چلی جاتی ہے۔

(روز نامہ جنگ)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭