آئی جی کی زیر صدارت ’’تحفظ منزل‘‘ پراجیکٹ پراجلاس ،بچوں،خواتین تحفظ پر گفتگو

Apr 23, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی زیر صدارت ’’تحفظ منزل‘‘ پراجیکٹ بارے اجلاس ہوا۔جس میں گھر سے بھاگے بچوں کو تحفظ اور پناہ کی فراہمی اور بے گھر خواتین کی مدد کیلئے تحفظ منزل کی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران اجلاس بے گھروں بچوں اور سماجی مشکلات کی شکار خواتین کی مدد کیلئے تحفظ منزل پراجیکٹ کو وسعت دینے اور مزید اقدامات عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی نے کہاکہ لاہور کی طرز پر ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی تحفظ منزل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ تحفظ منازل بے گھر بچوں اور سماجی مشکلات کا شکار خواتین کی مدد میں اہم کردار ادا کریں گی۔متعلقہ اضلاع کے سی پی اوز اور ڈی پی اوز تحفظ منزل پراجیکٹ کی نگرانی کریں گے۔ عوامی خدمت کے اس پراجیکٹ کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی پھیلایاجائے گا۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی عزم و ہمت اور بہادری کی داستانیں رقم کرنیوالے 11 پولیس افسران و اہلکاروں کو گیلنٹر ی ایوارڈ سے نوازا ہے۔آئی جی نے گیلنٹری ایوارڈ کیلئے منتخب ہونیوالے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کیلئے آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************